لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بے گھر افراد کو مفت پلاٹ دینے کا اعلان کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اقتدار کا رخ ان کی طرف ہوگیا ہے جن کا حق تھا، وزیر اعلیٰ کا کام ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنا نہیں عوام کی خدمت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو مفت پلاٹ دیے جائیں گے، اگلے ماہ پنجاب میں راشن کارڈ لانچ کرنے جارہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ راشن کارڈز پر ہر خاندان کو چار ماہ میں دس ہزار روپے ملیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 5 ماہ میں 30 ہزار گھر تعمیر کردیے ہیں، پانچ سال حکومت کرنے والوں نے تین ہزار گھر نہین بنائے۔
یہ پڑھیں: مریم نواز کا فلم انڈسٹری کو پروموٹ کرنے سے متعلق بڑا فیصلہ
مریم نواز نے کہا کہ اگر کسی گھر میں کوئی بچہ معذور ہوجائے یہ معذوری صرف اس بچے تک محدود نہیں ہوتی بلکہ اس سے پورے خاندان کو تکلیف ہوتی ہے،خصوصی افراد کے لیے فلاحی منصوبے حکومت کی ترجیح ہے، دعا ہے کہ تمام خصوصی افراد اپنی زندگی بہتر طور پر گزاریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قوم کے ہیروز یہاں وہیل چیئرز پر موجود ہیں، ریاست ماں کی طرح ضرورت مندوں کاخیال رکھتی ہے،خصوصی افراد کی خدمت کرنا میراخواب ہے، حکومت کسی ضرورت مند فرد تک پہنچنا چاہے تو پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں خصوصی افراد کے اہل خانہ کا دکھ جانتی ہوں، ریاست ضرورت مندوں کا خیال کرتی اور کمزور افراد کی آواز سنتی ہے، صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ اور ان کے سیکریٹری کو شاباش دیتی ہوں، ان کی ٹیم نے میرا خواب پورا کر دکھایا۔