پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو پاسپورٹ واپس مل گیا ہے، انہوں نے لاہور ہائیکورٹ آکر اپنا پاسپورٹ وصول کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اپنا پاسپورٹ واپس لینے لاہور ہائیکورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کےآفس پہنچی تھیں، ان کے سینیئر رہنما پرویز رشید سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے جب کہ سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے تھے۔
مریم نواز لاہور ہائیکورٹ سے پاسپورٹ لے کر میڈیا سے بات کیے بغیر واپس روانہ ہوگئیں۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز مریم نواز کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے انہیں پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت نے مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا
مریم نواز کے وکیل ایڈووکیٹ امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بین الاقوامی طور پر آزادانہ نقل و حرکت کو بنیادی حق قرار دیا گیا ہے اور آئین کسی بھی شہری کو آزادانہ نقل و حرکت کی ضمانت دیتا ہے، قانون کی منشا ہے کہ چودہ دن میں چالان جمع کرایا جائے لیکن پچھلی حکومت ساڑھے تین تک رہی اور چالان تک جمع نہیں کروایا، مریم نواز کو اس کے والد کے سامنے ایمرجنسی میں گرفتار کیا گیا، میری موکلہ بھی 48 دن تک نیب کی حراست میں رہیں۔