اسلام آباد : وزیر اعظم کے صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں منی ٹریل سے متعلق دستاویزات جمع کرادی ہیں جس کے بعد پاناما کیس کو ختم سمجھا جائے۔
یہ بات مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں تحریر کی، ان کا کہنا تھا کہ منی ٹریل بتا دینے کے بعد اب پاناما کیس ختم ہوچکا ہے۔
مریم نواز کا یہ پیغام پاناما کیس کی سماعت کے دوران مے فیئر فلیٹس کی خریداری کے لیے رقوم کی منتقلی کے حوالے سے منی ٹریل سے متعلق دستاویزات جمع کرانے کے بعد آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لندن فلیٹس کی خریداری کے لیے ہونے والی منی ٹریل کے ثبوت حسین نواز کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔
جس کے تحت دبئی فیکٹری کی فروخت، عزیزیہ اسٹیل مل کی خرید وفروخت، حدیبیہ پیپرز ملز کی آڈیٹر رپورٹس، التوفیق ٹرسٹ کا قرضہ، نیسکول اور نیلسن کمپنیوں اور ٹرسٹی سروسز کارپوریشن کی خدمات سے متعلق دستاویزات جمع کرادی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاناما کیس کے حوالے سے تحریک انصاف سمیت دیگر فریقین کا کہنا تھا کہ پاناما کیس دراصل فلیٹس کی خریداری اور آف شورز کمپنیوں کے قیام میں استعمال ہونے والی رقوم کی منتقلی کا ہے اگر منی ٹریل ثابت کردی جائے تو کیس ختم ہوجائے گا۔