لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ 2013 کی انتخابی مہم میں اندھیرے تھے، بجلی کہیں نہیں تھی لیکن اب انتخابی مہم میں اندھیرا نہیں بلکہ ہر جگہ بجلی آ رہی ہے یہ نواز شریف کا کارنامہ ہے اور جب پاکستان معاشی بد حالی سے باہر آ رہا تھا تو ترقی کے سفر کو ایک فیصلے کے تحت روک دیا گیا۔
وہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن کے لیے انتخابی مہم کے سلسلے میں اجتماع سے خطاب کر رہی تھیں، انہوں نے کہا کہ کسی کو انصاف دیکھنا ہے تو وہ پاکستان آکر دیکھے جہاں جھوٹ بولنے اور پاکستان کو یرغمال بنانے والا آج صادق ٹھہرا اور جس کا امانت سے دور دور تک تعلق نہیں آج وہ شخص امین ٹھہرا۔
مریم نواز نے کہا کہ میں اپنے والد نواز شریف کا مقدمہ لے کرعوام میں آئی ہوں کیوں کہ آپ کے لیڈر کو انصاف نہیں ملا اور اب معاملہ عوام کی عدالت میں آگیا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ جب بھی چیلنج درپیش ہوتا ہے تو مائیں بہنیں آگے ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 4 سال کی حکومت میں بیٹی ہونے کے ناطے بہت کچھ برداشت کیا اور والد کے ساتھ کھڑے ہونے پرمجھ پرکئی طرح کے الزامات لگائے گئے لیکن اس سب کے باوجود میں نوازشریف کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی تھی اور اپنے لیڈر پرآنچ تک آنے نہیں دی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کا الزام بھی مجھ پرلگایا گیا لیکن میں نے سازش کا ڈٹ کرمقابلہ کیا اور اس جبر کا مقابلہ کرنے کے لیے مائیں بہنیں ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 3 دن پہلے انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا اور لوگوں کاجذبہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی جو جذبہ، محبت اور شفقت اب دیکھی ہے اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی، آپ سب اپنی ماں کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعا کریں جو صحت یابی کے بعد اپنی انتخابی مہم خود چلائیں گی اور انشاءاللہ جلد آپ کے درمیان ہوں گی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔