کوئٹہ: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کوئٹہ اور کراچی کے عوام کا مطالبہ ہے ووٹ کو عزت دو، بلوچستان کے اس حال کی یہی وجہ ہے کہ ووٹ کو عزت نہیں ملتی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کوئٹہ میں (پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ) پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب عوام کی حاکمیت کا سورج طلوع ہونے کو ہے، ووٹ کو عزت دینی ہوگی، کسی کو ووٹ سے کھیلنے کا حوصلہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلبا کو ہم نے پنجاب یونیورسٹیز میں اسکالر شپ دی تھیں، بلوچستان کے طلبا کی اسکالر شپس ختم کردی گئیں، امید کرتی ہوں ان بچوں کی اسکالرشپس بحال ہوں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ بلوچی لباس پہننے کا مقصد بلوچستان کے عوام سے محبت کا اظہار ہے، یہ سمجھتے ہیں بلوچستان کے عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق نہیں ہے، پنجاب کی طرح ہمیں بلوچستان کے بچے بھی عزیز ہیں۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا حلف کی پاسداری کرو، قانون کا احترام کرو، کوئٹہ کے عوام بتائیں کیا آج تک قائداعظم کی اس تلقین پر عمل ہوا، قائداعظم کی روح بھی دیکھ رہی ہےکہ ان کی تلقین کو مٹی میں ملا دیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، توہین آمیز خاکوں سے دکھ ہوا، ہم سب مل کر اس کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔