پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ خصوصاً مریم نواز کا میڈیا سیل عدلیہ مخالف مہم چلا رہا ہے۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی مہم کا مقصد عدلیہ کو دفاعی پوزیشن پر لے کر جانا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ انہوں نے جو این آر او لیا اس پر سپریم کورٹ فیصلہ دینے والی ہے، ہمارے حق میں فیصلہ آیا تو ان کے ختم مقدمے بحال ہو جائیں گے۔
’یہ ملک میں مارشل لا لگوانے کیلیے منظم مہم چلا رہے ہیں۔ عدلیہ نظریہ ضرورت کے علاوہ کسی صورت تاریخ نہیں بڑھا سکتی۔‘
انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ 90 دن میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن ہونے ہیں، ہار کے خوف سے پی ڈی ایم الیکشن نہیں کروانا چاہتی۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام ختم ہوگا تو ملک کی معیشت ٹھیک ہوگی، ڈالر جتنا مہنگا ہوگا اس کا براہ راست فائدہ نواز شریف اور اسحاق ڈار کو ہوگا۔