اشتہار

پیمرا ترمیمی بل 2023 : ‘دانستہ غلط خبر چلانے پر جرمانہ 10لاکھ سے بڑھاکر ایک کروڑ ہوگا’

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ دانستہ غلط خبر چلانےپر جرمانہ 10لاکھ سے بڑھاکر ایک کروڑ ہوگا جبکہ پیمرا بل کی 9 سیکشن میں ترامیم جبکہ 5 نئے سیکشنز کا اضافہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائےاطلاعات و نشریات کااجلاس ہوا ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اجلاس میں شرکت کی.

اجلاس کی صدارت کمیٹی کی چیئرپرسن جویریہ ظفرآغا نےکی ، اجلاس میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (ترمیمی) بل 2023 اور دی پریس کونسل آف پاکستان (ترمیمی) بل 2023 بل پر غور کیا گیا۔

- Advertisement -

اجلاس میں پیمرا (ترمیمی) بل 2023 کے مندرجات پر بریفنگ دی گئی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیمرا قانون میں ترمیم وقت کی ضرورت ہے، پیمرا(ترمیمی)بل 2023کی تیاری میں 13ماہ کاعرصہ لگا۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پہلی مرتبہ صحافی کونسل آف کمپلینٹ میں شکایت درج کروا سکیں گے، پہلے کسی چینل کو بند کرنے کا اختیار چیئرمین پیمرا کے پاس تھا، اب اس قانون کےتحت یہ اختیار 3رکنی کمیٹی کے پاس ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ماضی میں پی ایم ڈی اے جیسا کالا قانون لانے کی ناکام کوشش کی گئی، فیک نیوز، ڈس انفارمیشن ،مس انفارمیشن کی تشریح بل میں شامل کی گئی ،ڈس انفارمیشن اور مس انفارمیشن پر علیحدہ علیحدہ کام کیا۔

انھوں نے کہا کہ دانستہ غلط خبر چلانےپر جرمانہ 10لاکھ سے بڑھاکر ایک کروڑ ہوگا، پیمرا بل کی 9 سیکشن میں ترامیم جبکہ 5 نئے سیکشنز کا اضافہ کیا گیا اور پیمرا قانون کے 2، 6کئی سیکشن میں ترامیم کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بل کےتحت الیکٹرانک میڈیا کو ملازمین کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کا پابند بنایا گیا ہے، اب براڈ کاسٹ میڈیا کا لائسنس 20 سال کے لئے ہوگا اور ڈسٹری بیوشن لائسنس 10 سال کے عرصے کے لئے ہوگا۔

انھوں نے بتایا کہ اب لگاتار 5منٹ سے زیادہ تک اشتہارات نہیں چلائے جا سکتے، پیمرا قانون میں پہلی مرتبہ پی ایف یو جےاور پی بی اےکو نمائندگی دی گئی ہے، چینل کے ضابطہ کار میں ڈس انفارمیشن نشر نہ کرنے کی شرط شامل کی گئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں