تازہ ترین

میراواحد قصور یہ ہے کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں، مریم نواز

اسلام آباد : سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں نےنہ کوئی چوری کی نہ کوئی ڈاکا ڈالا، میرا واحد قصور یہ ہے کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں ، میں اپنے اس قصور کی ہرسزا بھگتنے کے لیے تیار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 دن احتساب عدالت میں میرابیان ریکارڈ ہوا، بیان کے دوران127سوالات کےجوابات دیے، ایک سوال تھا کہ آپ پر مقدمہ کیوں بنایا گیا، اس سوال کا جواب عوام کے سامنے بھی پیش کرنا چاہتی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مقدمہ ناانصافی کےخلاف کھڑےہونےپربنایاگیا، پاناماکیس میں جوفیصلہ آیا اس میں ایک ایک چیز سامنےلائی گئی، ایک ایک ثبوت سپریم کورٹ میں پیش ہواسوال جواب ہوئے، تمام سوال جواب پہلے موجود تھے، میرا کہیں ذکر نہیں تھا، ذکر موجود نہ ہونے پر بھی مجھے جےآئی ٹی میں بلایا گیا۔

نواز شریف کی بیٹی نے کہا کہ اسکاجواب اس مائنڈسیٹ سےہےجوکہتاہےآپ کوسبق سکھائیں گے، یہاں سے میرے خلاف مقدمے کا آغاز ہوتا ہے، میں جانتی ہوں مجھے مقدمےمیں کیوں الجھایا  گیا، جانتی ہوں مجھے نیب میں کیوں پیش ہونا پڑا، جانتی ہوں مجھ پرریفرنس کیوں بنائے گئے، معلوم ہے مجھے کینسر زدہ ماں سے کیوں دور رہنا پڑا۔

،رہنما ن لیگ کا کا کہنا تھا کہ 70 سال کی تاریخ میں کسی خاتون نے اتنی پیشیاں نہیں بھگتیں، میں نے نہ کوئی چوری کی نہ کوئی ڈاکا ڈالا، میراقصوریہ ہے کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں، میری رگوں میں نوازشریف کا خون دوڑتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ میراقصور یہ ہے کہ میں اپنے باپ کو حق پر سمجھتی ہوں، میرا قصور ہے نوازشریف کے بیانیے کو ٹھیک سمجھتی ہوں، باپ بیٹی کا رشتہ نازک ہے، سوچا گیا بیٹی کو عدالت میں گھسیٹو، بیٹی کو کٹہرے میں دیکھے گا تو اسکے اعصاب جواب دے جائیں گے، ایسا سوچنے والے نوازشریف اور اس کی بیٹی کو نہیں جانتے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف ووٹ کوعزت دو کا پرچم لے کرمیدان میں نکلا، میں اس جہاد میں نوازشریف کے ساتھ ہوں، اس لیےاس کےساتھ ہوں کہ اس کی بیٹی ہوں، اس لیے بھی کہ اس کونشانہ بنایا گیا، تمام روایات اور اقدار عداوت کی نذر ہوگئیں۔

نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ منصوبےبنانے والے سن لیں نوازشریف کی بیٹی اس کی کمزوری نہیں ، نواز شریف کی بیٹی اس کی طاقت ہے، میں پاکستان سےمحبت کرنے والے ہر باپ کی بیٹی ہوں، میں پاکستان کا نہ پاکستان سے محبت کرنے والوں کا سر جھکنے دوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے پاکستان کو امید اور یقین کی روشنی دی، نوازشریف پہلی بار ایک آمر کو کٹہرےمیں لایا، میرا واحد قصور یہ ہےکہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں ، میں اپنےاس قصورکی ہر سزا بھگتنے کے لیے تیارہوں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -