کراچی : ہمدرد نونہال کے مدیر مسعود احمد برکاتی کی نمازِ جنازہ الفلاح مسجد میں ادا کردی گئی‘ وہ ہمدرد فاؤنڈیشن کراچی سے وابستہ تھے‘ آپ گزشتہ روزچھیاسی برس کی عمرمیں دار فانی سے کوچ کرگئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی اور بچوں کے مشہور رسالے ہمدرد نونہال کے مدیر مسعود احمد برکاتی جو گزشتہ رات کراچی میں انتقال کرگئے تھے‘ ان کی نمازِ جنازہ کراچی کے علاقے ایف بی ایریا میں واقع الفلاح مسجد میں ادا کی گئی،
مسعود برکاتی نے 1931 میں بھارتی شہر ٹونک میں آنکھ کھولی۔ قیام پاکستان کے بعد سترہ برس کی عمر میں اپنے چچا کے پاس حیدرآباد پہنچے، کچھ عرصہ جامشورو میں گزارنے کے بعد وہ کراچی منتقل ہوگئے، ابتدا میں مولوی عبدالحق کے جریدے میں مختلف تحریریں لکھیں پھر ہمدرد فاؤنڈیشن سے وابستہ ہوگئے۔
ابتداء میں مسعود احمد برکاتی حکیم محمد سعید کی تقریروں کی نوک پلک سنوارنے کا کام کیا کرتے تھے، جلد ہی انہوں نے ہمدرد فاؤنڈیشن سے جاری ہونے والے مختلف رسائل کی ادارت کا کام بھی سنبھال لیا، بعد ازاں 1953 میں ہمدرد نونہال رسالے کے مدیر بنائے گئے۔
مرحوم مسعود برکاتی حکیم محمد سعید کے قریبی دوستوں میں شمار کیے جاتے تھے، مسعود برکاتی ہمدرد صحت کے مدیر منتظم اور ہمدرد وقف پاکستان کے ٹرسٹی اور پبلی کیشنز ڈویژن کے سینئر ڈائریکٹر بھی تھے، مرحوم نے بچوں کے لیے پندرہ سے زائد کتابیں بھی لکھی تھیں۔
بحیثیت ایڈیٹر مسعود احمد برکاتی ایک طویل عرصے تک پہلی بات کےنام سے نونہال کا اداریہ لکھتے رہے‘ جسےآج بھی نونہال کے قاری یاد کرتے ہیں اور اسے اپنے لیے ایک ہدایت نامہ قرار دیتے ہیں۔