کراچی / اسلام آباد / لاہور / کوئٹہ: پاکستان کے دارالحکومت اور آزادکشمیر سمیت ملک کے بڑے شہروں میں اچانک بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے ریڈ زون سمیت بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہوگئی جس کی وجہ سے شہر اقتدار تاریکی میں ڈوب گیا۔
اسلام آباد
اسلام آباد کے ریڈ زون سمیت پوش علاقے بجلی منقطع ہونے کی وجہ تاریکی میں ڈوبے جبکہ پارلیمنٹ لاجز، پرائم منسٹرسیکریٹریٹ، سپریم کورٹ، ایوان صدر،کیبنٹ ڈویژن بھی اندھیرا چھا گیا۔
لاہور
لاہور میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا جس کی وجہ سے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے جبکہ کراچی کےمختلف علاقوں میں بجلی بند ہوئی جس کی وجہ سے 70 فیصد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
کراچی
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، ناظم آباد،کورنگی، لانڈھی، ملیر، بفرزون، سائٹ ایریا، میٹرو ول،گلشن معمار میں بجلی غائب ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق جامشوروٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے کے الیکٹرک کا نظام بیٹھ گیا۔
علاوہ ازیں، صدر، شاہراہ فیصل، کلفٹن، گلشن اقبال سمیت کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ بجلی منقطع ہونے کی وجہ سے شاہراہ فیصل کی اسٹریٹ لائٹس بند ہوگئیں۔
سندھ
صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میرپورخاص، حیدرآباد، نوابشاہ،مٹیاری، سکھر، قاضی احمد، شکارپور، ٹھٹھہ ،گھارو، گجو، ساکرو، گاڑہو، کیٹی بندر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔
خیبرپختونخواہ
خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور ، مردان، شانگلہ، کوہستان، ہری پور، ڈیرہ اسماعیل خان اور ہنگو میں بھی اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔
پنجاب
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بریک ڈاؤن کی وجہ سے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، جبکہ جہلم میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ، شہر اندھیرے میں ڈوب گیا، فیصل آباد کے شہر اور گرد و نواح کے متعدد علاقے بھی اچانک اندھیرے میں ڈوب گئے۔
ملتان کے مختلف اضلاع رحیم یار خان، خان پور، چنیوٹ، میاں چنوں، جہلم، سرگودھا،لالہ موسیٰ، بھلوال، مری، پاکپتن،بھکر،جہلم سمیت دیگر شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔
بلوچستان
صوبہ بلوچستان کے 3اضلاع کےعلاوہ پورے صوبےمیں بجلی اچانک غائب ہوگئی۔ کوئٹہ، سبی، جعفرآباد، نصیرآباد، جھل مگسی ،ہرنائی، صحبت پور، حب،خضدار ،پنجگور، پشین، لورالائی اور تربت کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ ترجمان کیسکو کے مطابق بجلی کی مین ٹرانمیشن لائن ٹرپ کر گئی جس کی وجہ سے صوبے کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی ترسیل میں خلل پیدا ہوا۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر کے شہر میر پور اور مضافاتی علاقوں میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔
نیشنل پاور کنٹرول سینٹر
نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے حکام کا کہنا تھا کہ ’سسٹم میں فنی خرابی پیدا ہوئی ہے، جس کو دور کرنے کے لیے تکنیکی ماہرین کام کررہے ہیں، ہم جلد اس خرابی پر قابو پالیں گے‘۔
شہباز گل
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی شہاز گل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’تکنیکی لحاظ سےخرابی کہاں ہوئی ابھی معلوم نہیں، وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب اور ان کی ٹیم مسئلے کو حل کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔
عمر ایوب وزیر برائے بجلی اور ان کی پوری ٹیم بجلی ٹرپ ہونے کے ایشو پر کام کر رہی ہے۔ میری ابھی ابھی ان سے بات ہوئی ہے انشاللہ جلد آپکو آپ ڈیٹ کرتے ہیں۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) January 9, 2021
وزارت توانائی کا اعلامیہ
وفاقی وزیر برائے توانائی نے بتایا کہ بجلی کے ترسیلی نظام کی فریکوئنسی اچانک50سےصفرپرآئی جس کی وجہ سے ملک بھر میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہوا، فریکونسی گرنےکی وجہ جاننےکی کوشش کی جارہی ہے۔
بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی اچانک 50سے 0 پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہے
فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی رہی ہے
اس وقت تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو رہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا
عوام سے تحمل کی اپیل ہے
— Omar Ayub Khan (@OmarAyubKhan) January 9, 2021
اُن کا کہنا تھا کہ ’اس وقت تربیلہ پلانٹ کو چلانےکی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے، تمام ٹیمیں اس وقت اپنےاسٹیشن پرپہنچ چکی ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ میں خود معاملے کی نگرانی کررہا ہوں، عوام تحمل کا مظاہرہ کرے جلد صورت حال کنٹرول میں ہوگی۔
تمام ٹیمیں اس وقت اپنے اپنے سٹیشن پر پہنچ چکی ہیں
بطور وفاقی وزیر پاور میں خود اس سارے بحالی کے کام کی نگرانی کر رہا ہوںعوام کو وقتا فوقتا بحالی سے متعلق آگاہ رکھا جائے گا
— Omar Ayub Khan (@OmarAyubKhan) January 9, 2021