بدھ, جون 25, 2025
اشتہار

گوادر میں موسلادھار بارشوں سے بڑے پیمانے پر مالی نقصانات

اشتہار

حیرت انگیز

گوادر : گوادر میں موسلادھار بارشوں سے بڑے پیمانے پر مالی نقصانات ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، انتظامیہ لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مصروف ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوادر میں مسلسل جاری رہنے والی موسلادھار بارشوں سے بڑے پیمانے پر مالی نقصانات ہوئے ہیں، بیشتر علاقوں میں تین سے چار فٹ پانی گھروں اور کے اندر جمع ہے جبکہ طوفانی بارشوں سے متعدد مکانات اور دیواریں بھی منہدم ہوچکی ہیں۔

نشیبی علاقوں کے گھروں میں پانی بھر جانے سے سینکڑوں لوگ اپنا گھر بارچھوڑ کر نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات میں منتقل ہوچکے ہیں جبکہ گوادر شہر سمیت ضلع بھر میں مواصلات کا نظام درہم برہم بجلی کے کھمبے گرنے اور فیڈر ٹرپ ہونے سے گوادر شہر سمیت ضلع بھر میں بجلی کی فراہمی گزشتہ 28 گھنٹوں سے معطل ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گوادر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں منگل کی صبح شروع ہونے والی بارشوں سے گوادر شہر خصوصا پرانا ملا بند، شادوبند، فاضل چوک، ٹی ٹی سی کالونی اور فقیر کالونی شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ سربندر، جیونی،. پشکان،. پسنی، اورماڑہ اور کلانچ سمیت ضلع کے باقی علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے لوگوں کی ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے، متعدد متاثرین کو سرکاری سکولوں، عمارتوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

سیلابی ریلوں کی وجہ سے گوادر ،سربندر اور جیونی میں سمندر کے کنارے کھڑی متعدد کشتیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں جبکہ کچھ کشتیاں غرق آب ہوچکی ہیں۔

ضلع کیچ میں بھی موسلا دھار بارشوں کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آچکے پیں. جبکہ نہنگ دریا میں طغیانی کی وجہ سے تربت سے مند اور ایران کا راستہ بند ہوچکا ہے، اس وقت دریائے نہنگ میں دو لاکھ کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے جبکہ میرانی ڈیم بھرجانے سے اس کے سپیل وے کھول دیئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگ زیب بادینی نے اے آر وائی نیوز سے ٹیلیفونک بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے گوادر شہر اور گردونواح کے علاقوں میں اب تک 168 ملی میٹر بارش ہوئی ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مصروف ہے جبکہ گوادر کا تربت اور کراچی سے رابطہ بحال ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے دو ٹیمیں گوادر روانہ کردی ہیں ، ٹیموں کیساتھ پانی نکالنے والے پمپس ،آلات اور بوٹ بھجوائی گئی ہیں ، طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے لئے خیمے، گرم کمبل ودیگر اشیاءضروریہ پر مشتمل امدادی سامان تربت اور گوادر روانہ کیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں