کراچی : سی ٹی ڈی سے مقابلے میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد کراچی پولیس آفس حملے اور عباس ٹاؤن دھماکے کا ماسٹر مائنڈ نکلا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی سےمقابلے میں مبینہ دہشت گرد کی ہلاکت کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی۔
ہلاک دہشت گرد کراچی پولیس آفس حملے اور عباس ٹاؤن دھماکے کا ماسٹر مائنڈ نکلا، دہشت گرد عمر فاروق نے عباس ٹاؤن دھماکےمیں ریموٹ کا بٹن دبایا تھا، جس سے دھماکےمیں 47 افرادجاں بحق ،135 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ عمر فاروق ماضی میں بارود سے بھری گاڑی کے ساتھ بھی پکڑا گیاتھا اور گرفتاری کے بعد عمر فاروق جیل چلا گیاتھا تاہم جیل سے ضمانت پر پررہائی کے بعدعمر فاروق افغانستان فرار ہوگیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگردکاتعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا ، ملزم انسداد دہشت گردی عدالت سےکے پی او حملہ کیس میں اشتہاری تھا جبکہ قتل، اقدام قتل، دہشت گردی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عمر فاروق کے خلاف مختلف تھانوں میں 10 مقدمات درج تھے تاہم ہلاک دہشت گرد کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیےکوششیں جاری ہیں۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سےتھریٹ الرٹ بھی جاری کیاگیاتھا ، تھریٹ الرٹ میں ہلاک دہشت گرد کے حوالے سے بتایاگیاتھا، ہلاک دہشت گرد کو کراچی میں دہشت گردکارروائیوں کےلیےخصوصی ٹاسک دے کر بھیجا گیا تھا۔
جس کےبعد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور وفاقی حساس اداروں نےکراچی میں عمرفاروق کی تلاش شروع کردی تھی ، ماراگیا مبینہ دہشت گرد کراچی میں اپنانیٹ ورک بحال کررہاتھا۔