کراچی : شہر قائد میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز کل سے ہوگا ، چیئرمین بورڈ کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکزمیں کسی بھی قسم کی ڈیوائس یا موبائل فون ضبط کرلیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ غلام حسین سوہو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں نویں،دسویں جماعت کےسالانہ امتحانات کل سے شروع ہوں گے، نہم ودہم جماعت کے امتحانات کیلئے 499 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
چیئرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ ریگولر طلبا و طالبات کو ایڈمٹ کارڈ پورٹل پر آن لائن جاری کئےگئے اور امتحانی مراکزکی لسٹ بھی بورڈکی آفیشل ویب سائٹ پرجاری کی گئی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ میٹرک کے امتحانات میں 3 لاکھ 75ہزار طلبا و طالبات سائنس وجنرل گروپ کے امتحانات دیں گے ، امتحانی مراکز پر بورڈ کے آفیسرز امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہوں گے۔
غلام حسین سوہو نے طلبا کو خبردار کیا کہ امتحانی مراکزمیں کسی بھی قسم کی ڈیوائس یا موبائل فون ضبط کرلیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امتحانی مراکز اطراف میں فوٹواسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بندرہیں گی اور امتحانات کی نگرانی کیلئےبورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل قائم کیا جائے گا۔