تازہ ترین

مولانا فضل الرحمان نے ’پلان بی‘ کا اعلان کردیا

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ’پلان بی‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل شام کو لائحہ عمل بتاؤں گا ہمیں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا ہے، یہ مارچ ’پلان اے‘ ہے جو برقرار رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلان بی پر کل سے عملدرآمد شروع ہوگا، پلان بی کی طرف جائیں گے تو میں شانہ بشانہ ہوں گا، قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا جدوجہد کو پرامن رکھنا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل پلان بی سے صوبائی جماعتیں آگاہ کریں گی، کل پلان کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے گا، مارچ کے شرکا آج یہاں پر ہی موجود رہیں گے، ہم اس پلان پر رہتے ہوئے پلان بی پر چلیں گے، ہم نے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا ہے گھر نہیں جانا ہے، پلان بی کے لیے کارکنان گھروں سے نکل آئیں۔

مزید پڑھیں: جے یو آئی کا اہم اجلاس، ملک بھر کی اہم شاہراہیں بلاک کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی ڈوبتی کشتی کو سہارا چاہئے، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے، مشیر خزانہ کہتے ہیں ٹماٹر 17 روپے کلو ہے، ہمارے اس احتجاج نے آئین کو تحفظ دیا ہے اور آمرانہ سوچ کو شکست دی ہے۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ تحریک کا ساتھ دینے پر اپوزیشن جماعتوں کا شکر گزار ہوں، احتجاج نے ہمیں بہت بڑی جماعت بنادیا ہے، نائن الیون کے بعد مذہبی لوگوں کے بارے میں غلط تاثر دیا گیا تھا، مارچ نے مذہبی لوگوں سے متعلق تاثر بھی تبدیل کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے حوصلے، عزم اور جرأت نے سرفخر سے بلند کردیا، حالات سے واقف ہیں بہت سے گوشوں سے رابطے ہوتے ہیں، اعتماد کے ساتھ بتانا چاہتا ہوں آپ مقصد کے حصول کے قریب ہیں، ہمارا بیانیہ غالب آچکا ہے اور ان کا بیانیہ مسترد ہوچکا ہے۔

Comments

- Advertisement -