کراچی : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے شیخ الحدیث مولانا انور بدخشانی انتقال کر گئے، وہ گزشتہ روز سے شدید علیل مقامی اسپتال زیر علاج تھے۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ کے اعلامیے کے مطابق استاذ العلماء، جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی کے شیخ الحدیث، حضرت مولانا محمد انور بدخشانی رحمہ اللہ انتقال کرگئے۔
مولانا محمد انور بدخشانی گزشتہ روز سے شدید علیل اور مقامی ہسپتال زیر علاج تھے، دوران علاج وہ آج شب 13اگست بروز منگل رب کے حضور پیش ہوئے۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس ڈاکٹر مولانا نعمان نعیم اور نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم سمیت جامعہ کی انتظامیہ، طلبہ اساتذہ حضرت مولانا محمد انور بدخشانی کے انتقال پر انتہائی غم زدہ اور افسردہ ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی حضرت کے درجات بلند فرمائے۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ بنوری ٹاؤن کے شیخ الحدیث مولانا انور بدخشانی کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی رحلت علمی حلقوں کے لیے بڑا نقصان ہے، مولانا مرحوم ثقہ عالم، کہنہ مشق مدرس، بلند پایہ مصنف اور علوم عقلیہ و نقلیہ کے جامع تھے۔
میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مولانا مرحوم کی اردو، عربی اور فارسی زبان کی تصنیفات سے عالم اسلام فیض یاب ہوا، دعا ہے اللہ کریم مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند فرمائے، میں مولانا مرحوم کے اہل خانہ، متعلقین ،تلامذہ اور منتسبین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں، اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں۔