راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت پراسیکیوشن نے پی ٹی آئی کے 3 رہنماؤں سے متعلق اپنا بیان واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی کے تیرہ مقدمات کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔
شیخ رشید، عمر ایوب، بابر اعوان، راجہ بشارت، کنول شوذب اور شیریں مزاری پیش ہوئیں، دوران سماعت مقدمے میں پیش 3 گواہوں سے متعلق پراسیکیوشن نےلاعلمی کا اظہار کر دیا۔
پراسیکیوشن ٹیم نے پی ٹی آئی کے تین رہنماؤں سے متعلق اپنا بیان واپس لے لیا اور عدالت کو بتایا صداقت عباسی،واثق قیوم اورعمر تنویر بٹ وعدہ معاف گواہ نہیں رہے، تینوں اپنے اقبالی بیان سے منحرف ہو گئے ہیں۔
عدالتی عملے نے رہنماؤں کوحاضری لگا کرجانےکی اجازت دےدی اور 9مئی کے 13 مقدمات کی سماعت2 دسمبرتک ملتوی کردی گئی۔
خیال رہے تینوں گواہان بانی پی ٹی آئی اور پارٹی قیادت کیخلاف 164 کے بیان سے منحرف ہوئے تھے۔
یاد رہے اگست میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی میں 9 مئی کیسز میں دو گواہوں نے عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی۔
سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اورعمرتنویر بٹ نےدرخواست جمع کرائی تھی ، جس میں کہا تھا بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن کر ایسا بیان کسی مجسٹریٹ کےسامنے یا تحریری نہیں دیا۔