لاہور: پاکستان کی معروف اداکارہ مایا علی کے کرونا وائرس کی تشخیص کا ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مایا علی نے کرونا وائرس سے متعلق اہم پیغام جاری کرتے ہوئے مداحوں کو وبا کے خوف سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ شوکت خانم اسپتال کے لیے عطیات جمع کرنے امریکا گئی تھیں اور حال ہی میں لاہور واپس پہنچیں۔ مایا علی نے کرونا وائرس کے حوالے سے اپنے خوفناک تجربے کے بارےبتایا کہ وہ وائرس کے خوف کی وجہ سے سو نہیں سکیں اور انہیں بہت زیادہ ذہنی دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
اداکارہ نے بتایا کہ ’میں امریکا میں مزے سے رہ رہی تھی مگر جب لاہور ایئرپورٹ پہنچی تو بہت زیادہ خوف زدہ ہوگئی کیونکہ یہاں مسافروں کی مکمل اسکریننگ کی جارہی تھی‘۔ ’میں نے امریکا سے واپس آنے کے بعد اپنا کرونا کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مجھے دو روز بعد ملی اور الحمد اللہ میری رپورٹ نیگٹو آئی‘۔
انہوں نے لکھا کہ لاہور واپسی کے بعد ٹیسٹ کرانا اور پھر رپورٹ کا انتظار کرنا آسان کام نہیں تھا، میرے لیے اڑتالیس گھنٹے گزارنا دشور ہوگئے تھے کیونکہ نیند تک اڑ گئی تھی۔
مزید پڑھیں: کرونا وائرس روک تھام، شہری اپنے طور پر کیسے کردار ادا کرسکتے ہیں؟ منشا پاشا نے بتادیا
مایا علی نے لکھا کہ ’میں جانتی ہوں کہ یہ وقت پاکستان اور انسانیت کے لیے انتہائی کٹھن ہے مگر ہمیں اس وائرس کو سنجیدگی سے لینا ہوگا اور اُن لوگوں کا احساس کرنا ہوگا جو یومیہ اجرت کماتے ہیں‘۔
’ہمیں اُن گھرانوں کے بارے میں سوچنا ہوگا جہاں روزانہ کما کر کھایا جاتا ہے، ایسے لوگ خود ٹیسٹ نہیں کروا سکتے کیونکہ ٹیسٹ بہت مہنگا ہے، میری حکومتِ پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ ٹیمیں بنا کر مذکورہ گھروں پر بھیجیں تاکہ اُن کا ٹیسٹ کیا جاسکتے‘۔ مایا علی نے لکھا کہ ’یہ وقت افراد تفری پھیلانے کا نہیں ہے، انشاء اللہ ہم اس کو جلد گزار لیں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس: اداکارہ شگفتہ اعجاز کی اپنے مداحوں کے لیے تجاویز
مایا علی نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، خود کو سماجی طور پر دور کرلیں، بغل گیر نہ ہوں، ہاتھ ملانے سے گریز کریں، اللہ پر بھروسہ رکھیں اور ہر ممکنہ اقدامات کریں‘۔