لاہور: میو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احتشام کا کہنا ہے کہ انجکشن کی تیسری ڈوز کے بعد ری ایکشن کے کیسز سامنے آئے، سولہ میں سے دو مریضوں کا انتقال ہوا، چودہ کی طبعیت بہتر ہے۔
تفصیلات کے مطابق میواسپتال لاہور میں انجکشن سے مریضوں کی اموات پر ایم ایس ڈاکٹر احتشام کی جانب سے کہا گیا کہ مذکورہ انجکشن کابیج میو اسپتال سے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دیا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ انجکشنز کی خریداری اسپتال کی جانب سے نہیں کی گئی، انجکشنز کی خریداری ڈی جی ہیلتھ آفس کی جانب سےکی گئی۔
ڈاکٹراحتشام نے کہا کہ ڈی جی ہیلتھ آفس سےدیگر اسپتالوں کو بھی انجکشن سپلائی ہوئے، میو اسپتال کےعلاوہ مزید 4 اسپتالوں کو بھی انجکشن ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ انجکشن کی تیسری ڈوز کے بعد ری ایکشن کے کیسز سامنے آئے، سولہ میں سے دو مریضوں کا انتقال ہوا، چودہ کی طبعیت بہتر ہے
مزید پڑھیں : میو اسپتال لاہور میں اینٹی بیکٹریل انجکشن سے 2 مریض جاں بحق
یاد رہے اینٹی بیکٹریل انجکشن لگنے سے جاں بحق مریضوں کی تعداد دو ہوگئی جبکہ اٹھارہ مریض متاثر ہوئے تھے، تمام متاثرہ مریض گھڑی وارڈ میں زیر علاج تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیکریٹری ہیلتھ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے دس ماہ پہلے خانیوال میں بھی یہی انجکشن لگنے سے بچوں کی اموات ہوئی تھیں۔