تازہ ترین

میئر کا انتخاب روکنے کا کیس، الیکشن کمیشن ودیگر کو نوٹس جاری

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں میئر کے انتخابات روکنے کے حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواست پر الیکشن کمیشن ودیگر کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے کراچی سمیت سندھ بھر میں میئر کے مرحلے کے انتخابات روکنے کے لیے درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی تھی جس کی سماعت آج ہوئی اور عدالت نے الیکشن کمیشن ودیگر کو نوٹسز جاری کر دیے اور کہا کہ آئندہ سماعت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے کہا کہ ابھی یوسی چیئرمینز کے حلف کا معاملہ ہے، میئر کے الیکشن دور ہیں۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ ایک یوسی چیئرمین کیسے پوری پارٹی کی نمائندگی کر سکتا ہے۔ درخواست کے ساتھ پارٹی کا اتھارٹی لیٹر بھی منسلک نہیں کیا گیا ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست گزار یوسی چیئرمین ذیشان زیب کے وکیل رحمان مہیسر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کو درخواست دائر کرنے کے بعد حراست میں لیا جا چکا ہے۔

پی ٹی آئی وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے بعد تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کئی پارٹی رہنما گرفتار اور کچھ روپوش ہوگئے ہیں اور ان حالات میں میئر شپ کے انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

رحمان مہیسر ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن نے 22 مئی سے میئر کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر پی ٹی آئی کے 40 کونسل ممبر انتخاب میں حصہ نہیں لے سکیں گے اس لیے عدالت سے درخواست ہے کہ وہ میئر کا الیکشن روکنے کا حکم جاری کرے۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل کا موقف سننے کے بعد الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے اور کہا کہ آئندہ سماعت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

Comments

- Advertisement -