کراچی: میئر کراچی وسیم اختر صفائی مہم پر نکلے تو ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں سے سامنا ہوگیا۔ وسیم اختر کہتے ہیں کہ 100 روز سڑکوں پر ہوں گے، سب کوغداروں کا پتہ چل جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر شہر کی تعمیر اور ترقی کے لیے 100 روزہ منصوبے کے پہلے دن صفائی مہم کے لیے نکلے تو ان کا سامنا ایم کیو ایم لندن کے کارکنان سے ہوگیا۔
میئر کراچی وسیم اختر نے پریس کانفرنس کی جس کے دوران ایم کیو ایم لندن کے کارکنان نے بدمزگی پیدا کرنے کی کوشش کی تاہم وسیم اختر بھی ڈٹ گئے۔
MQM-London workers raise pro-Altaf slogans in… by arynews
وسیم اختر بدمزگی کی کوشش کرنے والوں پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ 100 دن میں کراچی میں تبدیلی نظر آئے گی۔
میئر وسیم اختر اور ان کی انتظامیہ نے شاہ فیصل کالونی میں صفائی کر کے سو روز مہم کا آغاز کیا۔
واضح رہے کہ وسیم اختر نے دو دن قبل شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے 100 روزہ منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کا آج آغاز کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے 4 اضلاع میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانا چاہتے ہیں جس کے لیے ابتدائی طور پر بطور نمونہ عمل 15 سے 20 یو سیز میں اسکول، ڈسپنسری اور پلے گراؤنڈ بنانے جا رہے ہیں۔