اسلام آباد: معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ میڈیا مسائل، مشکلات کا حل تلاش کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا مسائل، مشکلات کا حل تلاش کرنا ہماری ذمہ داری ہے، میڈیا مسائل حل کرنے کے لیے آجر اور اجیر کو سننا ضروری ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ میڈیا مالکان نے جن کو ملازم رکھا ان کا کوئی سروس اسٹرکچر نہیں، پرائیویٹ آرگنائزیشن جب چاہے خدمات لیتی جب چاہے فارغ کر دیتی ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے مسائل پر پیمرا قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے، میڈیا میں ایک 50 لاکھ تنخواہ لے رہا ہے ایک 50 ہزار روپے لے رہا ہے، میڈیا میں ایسے لوگ بھی ہیں جو 10 ہزار تنخواہ لے رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جرنلسٹ پروٹیکشن قانون میں ان مسائل کو حل کرنے جا رہے ہیں، میڈیا میں ملازمین کو تھرڈ پارٹی کے ذریعے رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کے مسائل پراسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہے ہیں، صحافی تنظیموں کی تجاویز پر میڈیا مالکان سے بات کی جائے گی۔