ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کرکٹر عابد علی کا قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری پر اظہار تشکر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری بنانے پر کرکٹر عابد علی نے اظہار تشکر کیا ہے، انھوں نے کہا اپنا انفرادی ہائی اسکور کرنے پر خدا کا شکر ادا کرتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں سندھ ٹیم کے بیٹسمین عابد علی نے ڈبل سنچری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کنڈیشن جیسی بھی ہو ہمیں اچھا کھیلنا ہے، فٹنس پر کام کر رہا ہوں۔

عابد علی نے کہا کہ خواہش ہے کہ ہر فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ میں ہم نے ٹیم پلان پر عمل کیا، میری کارکردگی بھی بہتر رہی، اب ڈومیسٹک کرکٹ اچھی ہو رہی ہے، پروفیشنل کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں۔

تفصیل یہاں پڑھیں:  تاریخ میں پہلی بار قائداعظم ٹرافی کے میچز لائیو اسٹریم ہوں گے

2007 میں فرسٹ کلاس ڈیبو کرنے والے عابد علی نے کہا کہ مجھے اچھا آغاز ملا، کارکردگی برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا، فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہا ہوں۔

واضح رہے کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت قائد اعظم ٹرافی کے ابتدائی راؤنڈ کا گزشتہ روزسے آغاز ہو گیا ہے، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں نو ٹاس قانون کا استعمال کرتے ہوئے مہمان بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

میچ میں بلوچستان کے خلاف ڈبل سنچری جڑتے ہوئے سندھ ٹیم کےعابد علی نے 249 رنز ناٹ آؤٹ کا بہترین انفرادی اسکور کیا، اکتیس سالہ کھلاڑی نے یہ سنگ میل 512 گیندوں پر 26 چوکوں کی مدد سے عبور کیا، وہ 712 منٹ کریز پر کھڑے رہے، ٹیم نے پانچ وکٹوں پر 473 رنز اسکور کر کے اننگ ڈیکلیئر کر دی۔

عابد علی

16 اکتوبر 1987 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انھوں نے لسٹ اے ڈیبو 2005 میں کیا اور فرسٹ کلاس ڈیبو 2007 میں کیا، جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے انٹرنیشنل ڈیبو انھوں نے مارچ 2019 میں کیا۔ انٹرنیشنل ڈیبو کرنے سے قبل وہ 100 فرسٹ کلاس میچز میں 6700 رنز اسکور کر چکے تھے۔

مارچ 2019 میں انھیں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ کے لیے منتخب کیا گیا، انھوں نے اپنا پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ 29 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ یہ ایک یادگار میچ تھا جب عابد علی نے پہلے ہی میچ میں آسٹریلیا جیسی ٹیم کے خلاف سینچری اسکور کر لی۔

عابد علی نے آؤٹ ہونے سے قبل 9 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، یہ پاکستان کی جانب سے ڈیبو کرنے والے ون ڈے بیٹسمین کا سب سے زیادہ اسکور تھا، یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ تیسرے پاکستانی کھلاڑی بنے۔

اپریل 2019 میں عابد علی کو کرکٹ ورلڈ کپ کے پاکستان اسکواڈ میں ابتدائی طور پر شامل کیا گیا لیکن 20 مئی کو پی سی بی کی جانب سے فائنل اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تو انھیں ڈراپ کر دیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں