اسلام آباد : میڈیکل کالجز کو فیس وصولی سے روک دیا گیا،سال 25-2024 کی فیس وصولی پر پابندی لگائی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایم ڈی سی نے میڈیکل کالجز کو فیس وصولی سے روک دیا، ذرائع نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی نے نجی میڈیکل کالجز کی فیس وصولی پر پابندی لگائی ہے۔
اس حوالے سے پی ایم ڈی سی نے نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز کو مراسلہ بھجوا دیا، جس میں کہا کہ سال 25-2024 کی فیس وصولی پر پابندی لگائی گئی ہے۔
رجسٹرار پی ایم ڈی سی ڈاکٹر شائستہ فیصل نے کالجز کو خط لکھا ہے، جس میں بتایا کہ سینیٹ کمیٹی کی سفارش پر کالجوں کی فیس وصولی پر پابندی عائد ہوئی ہے، سینیٹ کی ذیلی کمیٹی صحت نے فیس وصولی روکنے کی سفارش کی تھی، میڈیکل ایجوکیشن کمیٹی سفارشات آنے تک فیس وصولی پر پابندی عائد رہے گی۔
وزیراعظم نے میڈیکل ایجوکیشن بارے 25 رکنی کمیٹی قائم کر رکھی ہے، میڈیکل ایجوکیشن بارے خصوصی کمیٹی اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم ہے، اعظم نذیر تارڑ، احد چیمہ، ڈاکٹر مختار برتھ، ڈاکٹر نفیسہ شاہ کمیٹی میں شامل ہیں۔
سپیشل سیکرٹری خارجہ، صحت، چیئرمین ایچ ای سی ، سرکاری نجی میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کمیٹی رکن ہیں، کمیٹی نجی میڈیکل یونیورسٹیز ، کالجوں کے معیار، مسائل کا جائزہ لے رہی ہے۔
خصوصی کمیٹی میڈیکل ایجوکیشن کے مسائل کے حل کیلئے کام کر رہی ہے اور نجی میڈیکل کالجوں کی فیسوں پر نظرثانی کر رہی ہے۔
نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں پر من مانی فیسیں وصول کرنے کا الزام ہے، نجی میڈیکل کالجوں پانچ سال میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد فیس وصول کر رہے ہیں۔