پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابات نومبر میں کرانے کیلئے رائےعامہ بنانےکا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بھی بات چیت کی گئی اور عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں عام انتخابات کے لیے رائے عامہ بنانے اور 90 روز میں الیکشن کروانے کا مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مردم شماری اعداد و شمار مشکوک قرار دیے گئے۔ اس حوالے سے سابق وزیراعلیٰ سندھ نےسی سی آئی اجلاس پربریفنگ دی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ سندھ کی آبادی کم دکھائی گئی ہے جس سے فنڈز سمیت دیگر نقصان ہوں گے۔
شرکا نے کہا کہ سپریم کورٹ عام انتخابات سے متعلق جو فیصلہ کرےاسے ماننا چاہیے ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔ پیپلزپارٹی سپریم کورٹ فیصلے کے بعدحتمی حکمت عملی بنائےگی۔