اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بین الافغان مذاکرات کی کامیابی اہم سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغانستان میں تعینات پاکستانی سفارتکار نے ملاقات کی جس میں افغان عمل سمیت خطے میں امن و استحکام سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغانستان میں تعینات پاکستانی سفارتکار محمد صادق نے افغان امن وعمل کی صورت حال پر وزیر خارجہ کو بریفنگ دی، محمد صادق نے دوحہ میں جاری بین الافغان مذاکرات کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات کی کامیابی اہم سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے، خطے میں امن و استحکام کا دارومدار، افغان امن عمل کے ساتھ منسلک ہے۔
مزید پڑھیں: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان اعلیٰ کونسل کےچیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی تھی، جس میں افغان مفاہمتی عمل ، امن واستحکام اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، مخلصانہ کاوشیں دوحہ معاہدے کی صورت میں بارآور ثابت ہوئیں، توقع ہے کہ افغان قیادت نادر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی اور معاشی استحکام کے لیے عالمی برادری کام کرے، افغان امن عمل سمیت خطے میں دیرپا امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔