پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی کا کہنا ہے کہ حکومت کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی کا کہنا ہے کہ 3 سال سے کہہ رہے ہیں بحرانوں کے حل کے لیے گول میز کانفرنس بلائی جائے اور اس میں اداروں اور صحافیوں کو مدعو کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اس لیے دشمن کبھی امن ہونے نہیں دے گا، چین کو چاہیے اس خطے کے ممالک کی ایک کانفرنس کرائے۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہی ہے، پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ سب کو پتا ہے، غیرآئینی، غیر جمہوری حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں، اس ملک میں اسمبلی میں بولنے پر پابندی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو امن اور ترقی کا میدان مل کر بنانا ہوگا، پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ سب کو پتا ہے، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب سب پاکستان ہے، جن لوگوں کا یہ خطہ ہے ان کو فیصلوں میں شامل کریں۔
محمود اچکزئی کا کہنا ہے کہ بربادی کا راستہ مت اپنائیں، لوگوں کو بلائیں ان سے بات کریں۔