کراچی: پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے سی سی پی او لاہور کے متنازع بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں پولیس اہلکاروں کی ایسی تربیت کرنا چاہیے کہ لوگ اُن سے جاکر خود بات کریں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ’ہمیں لوگوں کی ذہن سازی کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اگر ہمارا مائنڈ سیٹ تبدیل ہوتا تو سی سی پی او جیسا متنازع بیان سامنے نہیں آتا‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے پولیس اہلکاروں کی ایسی تربیت ہونی چاہیےکہ لوگ ان سےبات کرسکیں۔
مہوش حیات نے مشور ہ دیا کہ زیادتی کیسز کے متاثرین کی ذہن سازی اور حوصلہ افزائی ضرور کرنا چاہیے تاکہ وہ لوگ دوبارہ معاشرے کا حصہ بن سکیں اور اپنی زندگی عزت کے ساتھ بسر کریں۔
یاد رہے کہ سی سی پی او لاہور نے دو روز قبل گجر پورہ موٹر وے زیادتی کیس کے حوالے سے متنازع بیان دیا تھا جس پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین نے شدید احتجاج کیا تھا جبکہ آج ملک بھر میں سول سوسائٹی نے بھی مظاہرے منعقد کیے جس میں خاتون کو انصاف دینے اور سی سی پی او لاہور کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کیا ہے: عثمان بزدار
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ حکومت نے سی سی پی او کو متنازع بیان دینے پر شوکاز نوٹس جاری کر کے 7 روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔