اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

کراچی میں شدید گرمی کی لہر، آج بھی درجہ حرارت 44ڈگری تک رہنے کا امکان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد کی سخت گرمی شہریوں کا کڑا امتحان لے رہی ہے ، درجہ حرارت آج بھی44 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے گرمی کی شدت کل تک برقرار رہے گی جبکہ جمعہ سے درجہ حرارت میں بتدریج کمی آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج بھی سورج کا پارہ ہائی ہے اور شہریوں کو آج بھی شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے درجہ حرارت آج بھی 43 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 13 فیصد ہے۔

ڈائریکٹرمیٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج درجہ حرارت 44ڈگری تک رہنےکاامکان ہے، جمعرات تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جمعہ سے صورتحال بہتر ہونا شروع ہو جائے گی۔

ڈی جی میٹ کے مطابق سمندری ہوائیں نہ چلنے سے ہوا میں نمی کا تناسب انتہائی کم ہے، شمال مشرق،شمال مغرب سےآنیوالی ہوائیں گرمی کاسبب بن رہی ہیں،
شہری تین دن مزید احتیاطی تدابیر پرعمل کریں۔

گزشتہ روز بھی کراچی میں سورج آگ برساتا رہا اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم ملک کے دیگر شہروں لاہور،اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں بھی موسم گرم رہنے کی توقع ہے جبکہ فاٹا اور بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ 18 مئی کو محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کرت ہوئے کہا تھا کہ آئندہ 6 روز کے دوران سمندری ہوائیں رُکنے سےکراچی کے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جس کے بعد شہر کے مختلف اسپتالوں میں بھی ہیٹ ویوو سے بچاؤ کے انتظامات کیے گئے ہیں، ڈاکٹروں کا کہنا ہے شہری غیرضروری طور پر گھر سے نکلنے سے گریز کریں جبکہ گرمی کی شدت میں اضافے اور حبس کے باعث ماہرین نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔

دوسری جانب کراچی میں شدید گرمی میں گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے علانیہ اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر ہے، جس کے باعث شہری سحر و افطار کا اہتمام بھی اندھیرے میں کرنے پر مجبور ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں