پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں رسول ﷺ کا امتی بنایا، وزیراعظم کا خصوصی پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں رسول ﷺ کا امتی بنایا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ ﷺ کی جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لیے قابل تقلید ہے، آپ ﷺ نے اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات، مذہبی رواداری کا پیغام دیا، آج وہ نظام دیکھنے کی نہ معلوم کتنی آنکھیں منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی کے امتی ہونے کے ناطے خود کو حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہوگا، آئیں پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز پر ڈھالنے کی کوشش کریں، ریاست مدینہ میں ہی ہم سب کی بقا اور سربلندی ہے۔

عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریاست مدینہ انسانی فلاح و بہبود کے حوالے سے مثالی ریاست تھی، ایسی ریاست جس کی اس دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملتی، کوشش ہے ریاستی امور کے حوالے سے اس مثالی ریاست سے رہنمائی لیں، آپ ﷺ کی تعلیمات رہنمائی کا سب سے بڑا اور موثر ذریعہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ چاہتا ہوں ملک میں ریاست مدینہ کی طرز پر مساوات، عدل و انصاف کی فراہمی ہو، ملک مذہبی رواداری کا وہ منظر پیش کرے جس کا ہم سب کو انتظار ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میرے عزیز ہم وطنو ہمیں آج ایک عہد کرنا ہے، ہم ہر قسم کے مفادات سے بالاتر ہوکر نبی ﷺ کے اسوہ حسنہ کی پیروی کریں گے، سیاسی، مذہبی اور معاشرتی مفادات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، ہم ہر اس عمل سے اجتناب برتیں گے جس سے دنیا میں اسلام کے تاثر پر حرف آئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام ہم وطنوں سے درخواست ہے اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا کریں، عفو و درگزر، برداشت، صلہ رحمی، مذہبی رواداری اور مفاہمتی عمل سے کام لیں، یہی وہ تعلیمات نبوی ﷺ ہیں جن کو اپنا کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرسکتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اسوہ نبوی ﷺ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں