اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

مسلح افراد نے میکسیکو کو خون میں نہلا دیا، مقامی لوگ دہشت زدہ

اشتہار

حیرت انگیز

میکسیکو: میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی کے مضافات میں مسلح افراد کے اچانک حملے میں 13 پولیس اہل کار ہلاک ہوگئے، اس حملے نے مقامی لوگوں کو بے پناہ دہشت زدہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے علاقے کیٹی پیک ہیرینیس میں گشت پر مامور پولیس قافلے پر اچانک مشتبہ گینگ ممبرز نے حملہ کر کے گولیاں برسا دیں، جس میں 13 اہل کار ہلاک ہو گئے، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔

یہ واقعہ جمعرات کو دن دہاڑے پیش آیا تھا، مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں جو سرسبز پہاڑوں اور مکئی کے کھیت سے گھرا ہوا ہے، جرائم عام ہیں، تاہم جمعرات کا حملہ مقامی لوگوں کے لیے بہت زیادہ دہشت انگیز تھا، اتنی گولیاں برسائی گئی تھیں کہ وہ علاقے کے کئی گھروں میں بھی جا کر گریں۔

- Advertisement -

ایک پولیس اہل کار نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آوروں نے زخمی پولیس اہل کاروں کو ایک جگہ جمع کیا اور پھر بے دردی سے گولیاں برسا دیں، اور اس طرح انھیں ختم کر دیا۔

جمعے کو میکسیکو کے سلامتی کے وزیر نے اس حملے کو میکسیکو کی ریاست پر حملہ قرار دیا، انھوں نے کہا ہم پوری قوت سے اس کا جواب دیں گے۔

حملہ آوروں کا تعلق ڈرگ مافیا سے بتایا جا رہا ہے، ملزمان خوں ریز واردات کے بعد جائے وقوع سے فرار ہونے میں بہ آسانی کامیاب ہو گئے تھے، سیکیورٹی اہل کاروں نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے شمالی امریکی ملک میکسیکو منظم جرائم اور منشیات کے کاروبار سے منسلک مسلح گروہوں کے حوالے سے مشہور ہے، دارالحکومت کے متعدد مقامات پر بھی جرائم پیشہ گروہوں کا قبضہ ہے، ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس صرف پولیس پر حملوں کے نتیجے میں 500 اہل کار ہلاک ہوگئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں