لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو بندوق کے زور پر نہیں جھکا سکتا، مودی اور بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا کہ کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے قوم نے وزیراعظم کی آواز پرلبیک کہا، کل ہرپاکستانی نے باہرنکل کرثابت کیا وہ بھی کشمیری ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو بندوق کے زور پر نہیں جھکا سکتا، مودی اور بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔
صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خا ن کا جنرل اسمبلی میں خطاب قوم کی ترجمانی ہوگا، وزیراعظم اقوام عالم کو کشمیرمیں بھارتی مظالم پر آگاہ کریں گے۔
پنجاب کابینہ سے تبدیلوں سے متعلق میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب کابینہ میں تبدیلیاں نہیں ہو رہیں تاہم وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار تبدیلی پر با اختیار ہیں۔
مقبوضہ کشمیرمیں 27ویں روز بھی کرفیو
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 27ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔