منگل, جنوری 21, 2025
اشتہار

میانوالی ایکسپریس شیخوپورہ میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 20 زخمی، 4 ریلوے ملازمین معطل

اشتہار

حیرت انگیز

شیخوپورہ: میانوالی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین شیخوپورہ میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 5 شدید زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسافر ٹرین شیخوپورہ میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، جس سے بیس افراد زخمی، ہو گئے ہیں، محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ حادثہ لائن تبدیل نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔

ڈی ایس ریلوے حنیف گل کے مطابق حادثے کے ذمہ دار 4 ریلوے ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے، ٹرین ڈرائیور عمران سرور اور اسسٹنٹ ڈرائیور محمد بلال، اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر قلعہ ستار شاہ علی رضا اور کیبن مین صفدر حسین معطل ہونے والے ملازمین میں شامل ہیں۔

- Advertisement -

وزارت ریلوے کی ہدایت پر ڈپٹی پرنسپل افسران کی سربراہی میں ٹرین حادثے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، یہ کمیٹی 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی، چیئرمین ریلوے مظہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، سی ای او ریلوے شاہد عزیز نے کہا کہ سیفٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔

ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ حادثہ ٹرین ڈرائیور اور اسٹیشن عملے کی غفلت کے باعث پیش آیا، ٹرین ڈرائیور کو رکنے کا سگنل دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود ٹرین نہیں روکی گئی۔

ترجمان ریلوے کے مطابق ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ ریلوے حکام کو پیش کر دی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ میانوالی ایکسپریس قلعہ ستار شاہ پر کھڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرائی تھی، حادثے میں 3 ریلوے ملازمین سمیت متعدد افراد معمولی زخمی ہوئے، حادثے کے بعد متاثرہ بوگیوں کو ٹریک سے ہٹایا گیا اور میانوالی ایکسپریس اپنے روٹ پر روانہ کی گئی، جب کہ ریلوے لائن صبح ساڑھے 7 بجے کلیئر کر دی گئی تھی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مال گاڑی کی متاثرہ بوگیوں کو ریلوے یارڈ لاہور روانہ کیا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں