کراچی : بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کونسل سیکریٹریٹ میں چوہوں کی بھرمار ہے، چوہے کونسل سیکریٹریٹ میں رکھے اہم دستاویزات کُتر گئے۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کونسل سیکریٹریٹ کے ڈائریکٹر کی جانب سے ایک خط تحریر کیا گیا ہے جس میں اعلیٰ حکام سے سیکریٹریٹ میں فیومیگیشن کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ کونسل سیکریٹریٹ میں 1960 سے اب تک منظور کی گئی تاریخی نوعیت کی قراردادوں کا ریکارڈ موجود ہے جو مختلف کیسوں میں عدالت میں بھی پیش کرنا ہوتا ہے۔
تاہم فیومیگیشن نہ ہونے اور صاف ستھرائی پر عدم توجہی کے باعث کونسل میں چوہوں کی بہتات ہو گئی ہے جو اہم اور قیمتی دستاویزات کو نقصان پہنچا رہے ہیں خدشہ ہے کونسل کا ریکارڈ برباد نہ ہوجائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ چوہے محض دستاویزات کو ہی نہیں بلکہ کونسل سیکریٹریٹ میں نصب الیکٹرانک آلات اور مشینیوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں،چوہے آلات سے جڑے بجلی کے تار کاٹ دیتے ہیں جس کے باعث بجلی سے چلنے والی مشینری اور آلات ناکارہ ہو جاتی ہیں۔
واضح رہے طویل انتظار کے بعد کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ منتخب میئر اور ڈپٹی میئر کے حلف اُٹھانے کے بعد سے مکمل ہو چکا ہے اور منتخب نمائندے عوام کو سہولیات میئسر کرنے کے لیےاپنے دفاتر میں موجود ہیں اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں تا ہم کئی دفاتر فیومیگیشن اور دفتری سامان کی کمی کا شکار ہے۔