قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ہم ورلڈ کپ کے معیار کی کرکٹ نہیں کھیل پارہے، بابراعظم کو الزام دینا ٹھیک نہیں ہے۔
پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم یا انضمام الحق یا کسی پر بھی الزام دینا ٹھیک نہیں ہوگا جانتا ہوں کہ پلیئرز اور اسٹاف نے پوری کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ کہا کہ آج ہم نے اچھی بیٹنگ نہیں کی، یہاں 300 رنز ہونا تھا۔ آج بولنگ بہتر کی مگر بیٹنگ رنز نہ کر پائی، ہم نے آج ٹورنامنٹ کی بہترین بولنگ کی۔
پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ کوشش سب کر رہے مگر ہماری بیٹنگ فارم میں نہیں آرہی، ہم اس معیار کی کرکٹ نہیں کھیل پارہے جو ورلڈ کپ میں درکار ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان کے خلاف ہم تینوں شعبوں میں ایوریج تھے، آج جس انداز میں بولرز نے محنت کرکے فائٹ بیک کیا اس پر فخر ہے۔
مکی آرتھر نے یہ بھی کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ بقیہ 3 میچ جیت کر اچھے انداز میں ٹورنامنٹ ختم کریں، ہم نے آخری اوورز میں اچھی بیٹنگ نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ آخری 5 اوورز ٹھیک طرح نہیں کھیل سکے، اگر 300 کر جاتے تو اسکا دفاع ہوسکتا تھا، ہم نے یہ ٹورنامنٹ اچھا نہیں کھیلا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کے مسلسل چار میچز میں شکست ہوئی ہے جبکہ دو میچز میں کامیابی حاصل کی، پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔