اسلام آباد : ایل این جی کوٹہ کیس میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا اور کہا ریفرنس دائر ہونے اور تفتیش مکمل ہونے تک گرفتاری سے روکا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ایل این جی کوٹہ کیس میں گرفتاری کے خوف سے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ، سابق وزیر خزانہ کے وکیل نے درخواست دائر کی۔
درخواست میں موقف اختیارکیاگیا ہے کہ ایل این جی کوٹہ کیس میں لگائے گئے الزمات بے بنیاد ہیں، کسی قسم کی بدعنوانی میں ملوث نہیں چئیرمین نیب نے مفتاح اسماعیل نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ریفرنس دائر ہونے اور تفتیش مکمل ہونے تک گرفتاری سے روکا جائے جبکہ چیئرمین نیب اور سیکرٹری وزارت قانون کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
خیال رہے مفتاح اسماعیل نے گزشتہ ہفتے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کرائی تھی۔
مزید پڑھیں : ایل این جی کیس: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی حفاظتی ضمانت منظور
یاد رہے چند روز قبل نیب کی جانب سے سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کے لئے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے تھے، جبکہ ان کے گھر پر چھاپا مارا تھا تاہم مفتاح اسماعیل کی گرفتاری میں کامیابی نہیں ملی تھی۔
واضح رہے سابق وفاقی وزیرمفتاح اسماعیل کےخلاف ایل این جی کیس میں نیب انکوائری جاری ہے جبکہ وزارت داخلہ نے نیب کی سفارش پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل پر ڈال دیا تھا۔