اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی (پی پی) کے ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ انکی جماعت کے سابق ن لیگی رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ رہنے والے مفتاح اسماعیل سے معاملات طے پانے والے ہیں، مفتاح اسماعیل جلد پیپلزپارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل کی ممکنہ شمولیت کے معاملے پر پیپلزپارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا گیا، پارٹی قیادت کی منظوری کے بعد مفتاح اسماعیل سے رابطوں کا آغاز کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں کا وفد گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے مفتاح اسماعیل سے رابطے میں ہے۔
مفتاح اسماعیل ن لیگ کی گذشتہ حکومت کے دوران شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں بطور وزیر خزانہ کام کر چکے ہیں، مفتاح اسماعیل کو 2022 میں دوبارہ وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا تاہم سینیٹر اسحاق ڈار کی لندن سے آمد سے قبل مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔
مفتاح اسماعیل جون 2023 میں مسلم لیگ ن کے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہوتے ہوئے سیاست کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔