تازہ ترین

”سودی نظام کیخلاف فیصلہ آگیا، اسلامک بینکنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں“

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ سودی نظام کے خلاف فیصلہ آگیا ہے، اسلامک بینکنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

ورلڈ اسلامک فنانس فورم 2022 میں ویڈیو لنگ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شرعی عدالت کی جانب سے سودی نظام کے خلاف فیصلہ آگیا ہے، ہم اس وقت اسلامک بینکنگ کی طرف بڑھ رہےہیں۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ربا فری بینکنگ سسٹم کے ذریعے بینکنگ کو فروغ مل رہا ہے، معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں یہاں موجود لوگوں کی رہنمائی ملے گی۔

اپنے خطاب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ نان انٹرسٹ بینکنگ سے کسی  انوسٹر کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، شریعت اور اسلامی شرعی  عدالت نے اس سے متعلق وضاحت دی ہیں، ہمارے پاس متبادل سسٹم موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: ملک میں رائج سودی نظام خلاف شرع قرار

خیال رہے کہ سودی نظام کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان اور شہریوں کی جانب سے دائرہ کردہ درخواستوں پر 28 اپریل کو وفاقی شرعی عدالت نے تاریخی فیصلہ دیتے ہوئے ملک میں رائج سودی نظام کو خلاف شرع قرار دے دیا تھا اور حکومت کو تمام مالیاتی قوانین، آرڈیننس اور رولز میں ترامیم کی ہدایت کی تھی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ربا اور سود سے متعلق موجودہ قوانین شریعت سے متصادم ہیں، ربا کا نظام تبدیل کرنا، متبادل نظام لانا اور قوانین قرآن اور سنت کے مطابق حکومت کی ذمہ داری ہے۔

شرعی عدالت نے حکومت کو معاشی نظام شریعت سے ہم آہنگ کرنے کے لیے قوانین میں فوری ترامیم کی ہدایت کرتے ہوئے بینکوں یا مالیاتی اداروں کی جانب سے ہر قسم کا سود لینا غیر شرعی قرار دے دیا۔

Comments