کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 25 کروڑ 81 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ سال 31 دسمبر 2020 کو ختم ہونے والے آخری ہفتے کے دوران ملکی مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 20 کھرب 25 ارب40 ڈالر سے بڑھ کر 20 ارب 51 کروڑ 21 لاکھ ڈالر ہوگئے۔
مرکزی بینک کے ذخائر 26 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 13 ارب 41 کروڑ 23 لاکھ ڈالر ہوگئے۔
اعدادو شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے ذخائر کی مالیت 33 لاکھ ڈالر کی کمی سے 7 ارب 9 کروڑ 98 لاکھ ڈالر ہوگئی۔
مزید پڑھیں: زرمبادلہ کے ذخائر 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے
ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافہ بیرونی سرکاری رقوم کی آمد کے باعث ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرونا کےباوجود ماشااللہ سے معیشت کے بارے میں اچھی خبر ہے کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 13ارب ڈالر تک پہنچ گئےجو تین سا ل کی بلند سطح ہے۔
وزیراعظم نے ٹوئٹر بیان میں کہا تھا کہ نومبر میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 447 ملین ڈالررہا، مالی سال میں اب تک کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 1.6 بلین ڈالر رہا، جو گزشتہ سال اسی عرصےمیں1.7بلین ڈالرخسارے میں تھا۔