کراچی: گذشتہ ماہ پاکستان اسٹیل ملز میں چوری کا معمہ حل کرلیا گیا ہے، چوری میں کون ملوث تھا؟ اہم حقائق منظر عام پر آگئے ہیں۔
بن قاسم پولیس نے پاکستان اسٹیل ملز میں گذشتہ ماہ ہونے والے چوری کے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ادارے کا قیمتی سامان چوری کرنے میں اسٹیل ملز کے ملازم ہی ملوث نکلے۔
خفیہ اطلاعات پر کی جانے والی کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ تیسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں کنٹرول روم انچارج عالم خان، ڈرائیور ارشاداور گارڈ حسین شامل ہیں، گرفتار ملزمان سے تانبے کے رول، اسٹیل مل کی گاڑی برآمد کرلی گئی ہے اور ان پر مقدمہ بھی دائر کردیا گیا ہے۔
ایف آئی آر متن کے مطابق ایم آر ایچ ٹی ورکشاپ کے اندر سے تانبے اور پیتل کے رول غائب پائے گئے جو کہ کم وبیش تین ٹن کے قریب تھے، ورکشاپ کے قریب بڑی گاڑیوں کے ٹائر کے نشانات بھی پائے گئے تاہم پولیس نے مقدمے میں سائنسی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


