اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو کل ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں منی بجٹ بل کی منظوری کے معاملہ پر بحث کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق منی بجٹ بل کی منظوری کے معاملہ پر ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی اراکین اور اتحادی جماعتوں کو کل بروز بدھ قومی اسمبلی اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم خود بھی ایوان میں موجود ہوں گے، اس کے علاوہ عمران خان کل پارلیمنٹ چیمبر میں وزراء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے منی بجٹ پر اپوزیشن اراکین کی کڑی تنقید کی جارہی ہے، اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو سبزباغ دکھائے، منی بجٹ کی صورت میں مہنگائی کابم گرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ منی بجٹ میں عوام پر ان ڈائریکٹ ٹیکس لگائے گئے، حالاں کہ وزیرخزانہ اسد عمر ان ڈائریکٹ ٹیکس کی بھرپور مخالفت کرتے تھے، اب انہوں نےعوام پر وہی ٹیکسز لگا دیے۔
جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ منی بجٹ میں غریبوں کےساتھ صرف ظلم ہوا ہے، اگر فائدہ ہوا ہے تو خان صاحب کے اے ٹی ایم کو فائدہ ہوا ہے، بھینسیں اور گاڑیاں بیچ کر پاکستان کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔
ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت اچھا کام کرے گی تو تعریف کریں گے، بجٹ میں کوئی نئی چیز نہیں لائی گئی، کوئی انقلابی کام نظر نہیں آیا، صرف انقلابی باتیں کی گئیں، اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔