کراچی : وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے کہا ہے کہ زرداری اور نواز شریف کے ادوار سے مشرف دور بہتر تھا، جو سندھ کے خلاف سازش کرتا ہے وہ پاکستان کے خلاف سازش کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری غلام سرور نے کہا کہ سندھ کے خلاف کوئی سازش نہیں کامیاب نہیں ہوگی سندھ کے خلاف سازش کرنے والا دراصل پاکستان کے خلاف سازش کرتا ہے۔
مجھے وزیر اعظم نے حکم دیا ہے کہ آپ تمام صوبوں میں جائیں اور صوبوں کے لوگوں سے مل کران کے مسائل سنیں اور حل کرنے کی پوری کوشش کریں۔
غلام سرور کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے سمندر میں ڈرلنگ شروع ہوگئی ہے، انشااللہ سمندر سے بھی ہمیں گیس ملنے کی پوری امید ہے، ہماری نیت اچھی ہے کوششیں جاری رہیں گی، وزیرپیٹرولیم نے کہا کہ بہت جلد نئی ڈرلنگ بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر آنے والا دن اور سال ملکی معیشت کیلئے پہلے سے اچھا ہوگا، بلوچستان میں گیس کے نئے ذخائر موجود ہیں، ہم کام شروع کررہے ہیں، دس کمپنیوں کو کھدائی کے لائسنس دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی ایک حصے یا ضلع کی نہیں بلکہ پورے ملک میں ڈیولپمنٹ ہوگی، پیپلز پارٹی اور نواز شریف دورسے مشرف دور بہترتھا۔