جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

پاکستان کو ورلڈ کپ کیلیے بھارت جانا چاہیے، وزیر کھیل پنجاب

اشتہار

حیرت انگیز

پنجاب کے نگراں وزیر کھیل وہاب ریاض نے کہا ہے کہ سیاست کو کرکٹ سے الگ رکھنا چاہیے اور پاکستان کو ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت جانا چاہیے۔

پنجاب کے نگراں وزیر کھیل وہاب ریاض نے اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس شو باؤنسر میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کھیل میں سیاست کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے، بھارت کو ایشیا کپ کے لیے پاکستان آنا چاہیے تھا اگر وہ نہیں آ رہا اس کے باوجود پاکستان کو ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے انڈیا ضرور جانا چاہیے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ بی سی سی آئی ایک طاقتور بورڈ ہے جو ہمیشہ اپنی من مانی کرتا ہے۔ پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کے باہمی تعلقات دوستانہ ہیں ان سے بات کرتے ہیں تو انہیں پاکستان آنے میں کوئی اعتراض نہیں ہوتا لیکن جب حکومت کوئی فیصلہ کرلے تو پھر کرکٹر کچھ نہیں کرسکتے۔

- Advertisement -

نگراں وزیر کھیل کا کہنا تھا ورلڈ کپ چار سال میں ایک بار ہوتا ہے جب ہم کہتے ہیں کہ سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہیے تو پھر کیوں اس کو مشروط کر رہے ہیں میرا خیال ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت ضرور جانا چاہیے۔

وہاب ریاض نے اپنے حوالے سے کہا کہ ان کی خواہش صرف ورلڈ کپ کھیلنا نہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھی مزید کھیلنا ہے اور وہ قومی ٹیم میں کم بیک کے لیے کوشش بھی کر رہے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کچھ تاخیر ہوگئی ہے۔ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے علاوہ مستقبل قریب پاکستان کی کوئی سیریز نظر نہیں آ رہی اس لیے مجھے اپنا کم بیک مشکل لگتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ قومی ٹیم اس وقت بہت اچھا کھیل رہی ہے۔ دس اوورز کرانے والے بولر کی کمی ضرور ہے لیکن جو بولر ٹیم میں موجود ہیں وہ بھی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

خود پر تنقید کے حوالے سے وہاب ریاض نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ فیک اکاؤنٹ بنا کر تنقید کی جاتی ہے اور میں اس کا عادی ہوچکا ہوں۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں