اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے وزیراعظم عمران خان کو جاری مراسلے میں کہا ہے کہ حج اور عمرہ زائرین کےلیے کورونا ویکسین لازمی ہے ، ویکسین لگانے میں ترجیح دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور وزارت صحت کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ حج اور عمرہ زائرین کو کورونا ویکسین لگانے میں ترجیح دی جائے ، حج اور عمرہ زائرین کےلیے ویکسین لازمی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کو حج اور عمرہ زائرین کو کورونا ویکسین لگانے سے متعلق مراسلہ جاری کردیا ہے۔
یاد رہے سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی قرار دی ہے، سعودی عرب کے وزیرِحج وعمرہ ڈاکٹرمحمد صالح بن طاہربنتن نے عمرہ زائرین کو مکہ مکرمہ میں آمد سے قبل کورونا ویکسین لگوا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں احتیاط کے لیے کورونا کی ویکسین لگوانی چاہیے۔
وزیرِحج وعمرہ ڈاکٹرمحمد صالح نے عازمینِ عمرہ کیلئے ہروقت چہرے پر ماسک پہنا بھی لازمی قرار دیا اور کہا عازمین کیلئے مقررکردہ عمرکی حد کی پابندی برقرار رہے گی، جس کے مطابق 18 سے 50سال کی عمر کے افراد ہی عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔