جمیکا: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق کا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا، جس کے بعد انہیں وطن واپسی کی اجازت مل گئی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے جمیکا میں قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد اپنا کرونا ٹیسٹ کروایا، جس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد مصباح الحق کو وطن واپسی کی اجازت مل گئی، جس کے بعد انہوں نے واپسی کی تیاری شروع کردی ہے۔مصباح الحق آج سے وطن واپسی کا آغاز کریں گے اور اتوار کی صبح ساڑھے گیارہ بجے لاہور پہنچیں گے۔
مزید پڑھیں: مصباح الحق کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کرونا ٹیسٹ 25 اگست کو مثبت آیا تھا، جس کے بعد انہیں دس روز قرنطینہ مکمل کر کے دوسرا ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
مصباح الحق قرنطینہ کی وجہ سے قومی ٹیم کے ہمراہ وطن واپسی کے لیے روانہ نہیں ہوئے تھے۔ ہیڈ کوچ کے بچوں کو بھی کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔