کراچی : پی ٹی آئی ورکرز محمد ارشد صدیقی اور مدثر رحمان گھر واپس آگئے، جس پر عدالت نے پی ٹی آئی کارکنوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے متعلقہ تھانوں سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی سوشل میڈیا کارکنوں کی گمشدگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
پی ٹی آئی کے وکلا نے کارکنوں کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ٹی آئی ورکرز محمد ارشد صدیقی اور مدثر رحمان گھر واپس آگئے۔
فرحان ایڈووکیٹ نے عدالت کوبتایا کہ فہد جمال صدیقی سے ابھی تک رابطہ نہیں، جس پر جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کہا کہ شہری کی بازیابی کیلیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔
عدالت نے 19 اپریل کو پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ، حسنین چوہان ایڈووکیٹ نے کہا کہ بازیاب ہوکر واپس آنے والے دونوں کارکنان بہت ڈرے ہوئے ہیں۔
وکیل پی ٹی آئی نے استدعا کی کہ کہ متعلقہ ایس ایچ او سے کہیں بازیاب ہونے والوں کے بیانات ریکارڈ کریں، جس پر عدالت نے پی ٹی آئی کارکنوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے متعلقہ تھانوں سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی وکلا کو ہدایت کی کہ کارکنوں سے کہیں تھانے جاکر خود بیان ریکارڈ کرائیں، وکلاء نے کہا کہ محمد ارشد صدیقی اور مدثر رحمان کو حراست میں لیے جانے کے بعد لاپتا کردیا گیا تھا۔
عدالت نے بحفاظت گھر واپسی پر پی ٹی آئی کارکنوں کی گمشدگی سے متعلق درخواستیں نمٹادیں اور فہد جمال کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دے دیا۔