تازہ ترین

مشن پرواز: فخر عالم دنیا کا چکر لگاتے ہوئے کراچی پہنچ گئے

کراچی: پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے معروف گلوکار فخرعالم پوری دنیا کا چکر لگانے کے مشن پروازمیں کراچی پہنچ گئے ہیں، یہاں انہوں نے اس موقع پر گورنرسندھ سے بھی خصوصی ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق فخر عالم ان دنوں مشن پرواز پر ہیں اور اسی سلسلے میں دبئی سے آج کراچی پہنچے ہیں ۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ان کے درمیان خصوصی ملاقات کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے معروف گلوکار کی اس کاوش کوسراہتے ہوئے کہا کہ ’فخر عالم پورے ملک کا فخر ہیں، ہمیں ان کی اس کاوش پر فخر ہے‘۔

فخر عالم نے مشن پرواز کا آغاز امریکی ریاست فلورویڈا سے 10 اکتوبر کو کیا تھا ۔ انہیں چھ اکتوبر کو اپنے اس مشن پر روانہ ہونا تھا تاہم جہاز میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے سبب وہ مقررہ تاریخ کو اڑان نہیں بھر سکے اور چار روز کی تاخیر سے اس مشن کاا ٓغاز ہوا۔

اس مشن کے دوران فخر عالم خود جہاز اڑا کر پوری دنیا کا چکر لگائیں گے۔ ان کا یہ سفر 28 دنوں پر مشتمل ہو گا جس میں وہ 25 ممالک کے31 شہروں سے ہوتے ہوئے گزریں گے ۔

اے آروائی نیوز کے لیے خصوصی پیغام میں انہوں نے ہمارے ناظرین کو بتایا کہ وہ پلاٹیس پی سی 12 نامی طیارے میں دنیا بھر کا سفر طے کریں گے، انہوں نے اپنے ساتھ طیارے میں دو ٹیڈی بیئر بھی رکھے ہوئے ہیں جن سے تعارف کراتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے نام جوجو اور ٹوٹو ہیں اور ’مشن پرواز‘ کے اختتام پر وہ یہ اپنے بیٹے اور بیٹی کو تحفے میں دیں گے۔

یہ جہاز سوئزرلینڈ ساختہ ہے اور اس میں ایک انجن ہوتا ہے، عموماً یہ جہاز بزنس مقاصد میں استعمال ہوتا ہے تاہم امریکا کی ایئر فور س کے استعمال میں بھی ہے جبکہ آسٹریلیا میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کے لیے بھی اس طیارے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طیارے کی تعمیر سنہ 1991 میں شروع ہوئی تھی اور تب سے اب تک یہ ایک محفوظ طیارہ سمجھا جاتا ہے۔

فخرِعالم اپنے جہاز کے ہمراہ

فخر عالم نے یہ بھی بتایا کہ امریکی اور روسی قونصل خانہ نے ویزا جاری کرنے میں کافی تعاون کیا جس کے لیے وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے دوست کرٹ رائے کاشکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جواس مشن میں تسلسل سے معاونت فراہم کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ تین سال قبل 2015 میں فخرعالم کو امریکا میں پرائیوٹ پائلٹ لائسنس ملا تھا، فخر کا بچپن کا خواب تھا کہ وہ خود جہاز اُڑا کر پوری دنیا کا چکر لگائیں۔

دنیا کاچکر لگانے کی تاریخ


یاد رہے کہ سب سے پہلے دنیا کا چکر لگانے کا تصور فرانسیسی مصنف جیولز ورنے کے ناول ’اراؤنڈ دی ورلڈ ان ایٹی ڈیز‘ سے منظرِ عام پر آیا تھا۔ یہ ناول 1873 میں شائع ہوا تھا اور اس کے بعد کئی افراد نے دنیا کا چکر لگانے کی کوشش کی جن میں سے بہت سے کامیاب بھی ہوئے۔

کہا جاتا ہے کہ اس ناول کا آئیڈیا ایک امریکی شہری ولیم پیری فوگ کے تین سال پر محیط دنیا کے سفر کے دوران لکھے گئے خطوط سے لیا گیا تھا۔ اسی لیے ناول کے مرکزی کردار کا نام بھی فلیس فوگ رکھا گیا تھا۔

اس سے بھی بہت عرصہ قبل یعنی دوسری صدی بعد ِ مسیح میں ایک یونانی سیاح اور جغرافیہ داں پوسانیاس نے دنیا کا سفر کیا تھا اور ایک سفر نامہ بھی مرتب کیا تھا ۔

Comments

- Advertisement -
فواد رضا
فواد رضا
سید فواد رضا اے آروائی نیوز کی آن لائن ڈیسک پر نیوز ایڈیٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں‘ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ سے بی ایس کیا ہے اور ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال پرتنقیدی نظر رکھتے ہیں