تازہ ترین

امریکی خاتون کی ایک غلطی نے انہیں بڑی مشکل میں ڈال دیا!

امریکی خاتون کی ایک غلطی نے انہیں بڑی مشکل میں ڈال دیا اور غلط پرواز میں سوار ہوکر مسافر خاتون منزل سے سینکڑوں میل دور دوسرے ملک جا پہنچیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیورلی ایلس ہیبرڈ نامی خاتون نے فلاڈلفیا سے فلوریڈا کے لیے ہوائی سفر کرنا تھا تاہم جب وہ بورڈنگ کارڈ حاصل کرنے کے بعد باتھ روم گئیں تو اس دوران فلائٹ کا گیٹ تبدیل ہوگیا اور یوں وہ غلط جہاز میں سوار ہوگئیں۔ لاعلمی میں ہونے والی اس غلطی نے خاتون کو منزل سے 900 میل دور غیر ملک جمیکا میں جا پہنچایا۔

مذکورہ خاتون جو باقاعدگی سے مذکورہ دونوں شہروں کے درمیان ہوائی سفر کرتی رہتی ہیں لیکن یہ اتفاق پہلی بار ہوا اور اس سے مزید اچھنبے کی بات یہ بھی تھی کہ مذکورہ خاتون کے پاس جمیکا کا پاسپورٹ بھی نہیں تھا۔

مقامی میڈیا کو گفتگو کرتےہوئے انہوں نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ وہ پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا اور فلوریڈا کے ساحلی شہر جیکسن ویل کے درمیان پہلی بار سفر نہیں کر رہی تھیں، بلکہ باقاعدگی سے ان دو شہروں کے درمیان ہر چھ ہفتوں بعد ایک بار ضرور سفر کرتی ہیں۔ وہ اپنا پاسپورٹ بھی نہیں لاتیں کیوں کہ انہیں ڈومیسٹک فلائٹ کے لیے اس کی ضرورت نہیں پڑتی۔

بیورلی ایلس ہیبرڈ کا کہنا تھا کہ مذکورہ پرواز سے قبل ان کی کمر کی سرجری ہوئی تھی اور وہ معمول کے مطابق تیزی سے حرکت نہیں کرسکتی تھی۔ باتھ روم سے واپسی پر معمول کی کارروائی کے بعد جب میں جہاز پر سوار ہوئی تو ہاتھ پر معمولی زخم تھا جس کو دیکھ کر جہاز میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے والے عملے نے ان سے کہا کہ وہ جمیکا میں لینڈنگ کے بعد آرام کرنے کے قابل ہوجائیں گی۔

خاتون نے کہا کہ وہ ضرور جمیکا جانا پسند کریں گی لیکن ابھی تو وہ فلوریڈا جا رہی ہیں جہاں وہ رہتی ہیں جس پر جہاز کے عملے نے ان سے کہا کہ یہ جہاز فلوریڈا نہیں بلکہ جمیکا جا رہا ہے اور عملے کے چہرے کی سنجیدگی دیکھ کر مجھے یقین ہوگیا کہ یہ مذاق نہیں کر رہے۔

فضائی عملے نے ایلس ہیبرڈ کو بتایا کہ گیٹ پر آخری لمحات میں تبدیلی ہوئی تھی جس پر انہیں احساس ہوا کہ یہ اس وقت ہوا جب وہ ریسٹ روم میں تھیں۔ عملے نے ان سے یہ بھی کہا کہ آپ پاسپورٹ کے بغیر کسی دوسرے ملک میں داخل ہورہی ہیں اور ایسا کرنا غلط ہے۔

خاتون کے مطابق جب جہاز نے لینڈنگ کی تو صورتحال جان کر جمیکا حکام نے انہیں ایئر برج میں رہنے کی اجازت دی اور عملہ ان کے ساتھ اس وقت تک رہا جب تک فلاڈلفیا کے لیے اگلی پرواز نے اڑان نہ بھر لی اور اس کے لیے انہیں کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔

دوسری جانب فرنٹیئر ایئر لائنز کے ترجمان نے مذکور واقعے پر متاثرہ مسافر خاتون کے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دلی طور پر افسوس ہے کہ کلائنٹ غلط پرواز میں سوار ہو گئیں اور ہم نے ان سے معذرت کی ہے۔ ہم نے انہیں رقم کی واپسی اور معاوضہ فراہم کیا ہے اور ساتھ ہی اس معاملے کو ہوائی اڈے کے عملے کے ساتھ حل کرلیا تھا۔

Comments

- Advertisement -