اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی سرکار اس حد تک آگے جا چکی ہے کہ واپسی ممکن نہیں لگ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہندوستان اور خطے میں تشویش ناک صورت حال پر شاہ محمود قریشی نے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو پی میں علما کے ساتھ جو ناروا سلوک کیا گیا، اس پرہر ذی شعور کی آنکھیں نم ہیں، پریانکا گاندھی کو بھی پولیس نے مبینہ دھکے دیے اور گلہ دبانے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ہندوستان میں عام آدمی کے ساتھ پولیس کا رویہ کیا ہوگا، یہ کیفیت پورے ہندوستان میں پھیلتی جا رہی ہے، لیکن مودی سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی، وہ اس حد تک آگے جا چکی ہے کہ واپسی ممکن نہیں لگ رہی، نہتے کشمیر کی آواز دبائی گئی مگر پورے ہندوستان کے عوام کو کیسے روکا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین: نیب ترمیمی آرڈیننس کے مسودے کو قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ لایا جائے گا: شاہ محمود
شاہ محمود نے کہا کل ہندوستان میں جو مظاہرے ہوئے وہ سب کے سامنے ہیں، اب لڑائی مذہب، خطے تک محدود نہیں بلکہ پورے بھارت میں پھیل چکی، ہندوستان اس وقت دو نظریات میں مکمل طور پر تقسیم ہو چکا ہے، ایک طرف سیکولر ہندوستان کے حامی سراپا احتجاج ہیں، دوسری طرف ہندوتوا کا نظریہ مودی سرکار مسلط کرنا چاہتی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا میں سمجھتا ہوں اس وقت دنیا کو خاموش نہیں رہنا چاہیے، بھارت میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں، عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے، آج بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی آنکھیں کھل گئیں، آنکھ ان کی نہیں کھل رہی جن کے مفادات ہندوستان سے وابستہ ہیں، وہ اپنی جمہوری اقدار کو پس پشت ڈال کر صورت حال پر آنکھ بند کر کے بیٹھے ہیں اور اپنے مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔