مارک زکر برگ نے گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کی ناکامی کا دعویٰ کر کے مودی حکومت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم میٹا کے مالک مارک زکربرگ نے 2024 میں کئی ممالک کے انتخابی نتائج کو مشکوک بنا دیا ہے اور ان میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک بھارت کا نام بھی شامل ہے۔
جو روگن کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں مارک زکر برگ نے کہا کہ 2024 میں دنیا کے کئی ممالک میں انتخابات ہوئے جن میں بھارت بھی شامل ہے، جہاں برسر اقتدار حکمران بنیادی طور پر الیکشن ہار گئے تھے۔
ان کے اس بیان پر بھارت میں ہلچل مچ گئی ہے اور بھارتی وزیر اشونی ویشنو نے لوک سبھا کے انتخابات پر مارک زکر برگ کے دعوے کو غلط قرار دے دیا ہے۔
اشونی ویشنو نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر انڈیا نے 640 ملین سے زیادہ ووٹروں کے ساتھ 2024 کے انتخابات کرائے۔ انڈیا کے لوگوں نے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں این ڈی اے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔‘
واضح رہے کہ نریندر مودی گزشتہ سال ہونے والے لوک سبھا کے الیکشن میں کامیابی کے بعد مسلسل تیسری بار بھارت کے وزیر اعظم بنے ہیں۔