بھارت میں مسافروں کی مجبوراً ٹرین کے بیت الخلا میں بیٹھ کر سفر کرنے کی وائرل ویڈیو پر اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے مودی سرکاری پر کڑی تنقید کی۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ کافی وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ٹرین کے ڈبے میں گنجائش سے زیادہ مسافر موجود ہیں جس کی وجہ سے مجبوراً کچھ لوگ فرش یا بیت الخلا میں بیٹھ کر سفر کر رہے ہیں۔
مذکورہ ویڈیو ٹرین میں سفر کرنے والے ایک نوجوان نے بنائی جسے راہول گاندھی نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے شیئر کیا ہے۔
نوجوان مسافر نے ویڈیو میں بتایا کہ ڈبے میں کافی بھیڑ ہے اور کچھ لوگ بیت الخلا میں بیٹھ کر سفر کر رہے ہیں، جن مسافروں کے پاس اے سی کوچ کا ٹکٹ ہے انہیں بھی سیٹ نہیں ملی۔
ویڈیو کیرالہ ایکسپریس کی ہے جس نے مودی سرکاری اور محکمہ ریلوے کے دعووں کی قلعی کھول دی۔
راہول گاندھی نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مودی دورِ حکومت میں ریل کا سفر شہریوں کیلیے عذاب بن گیا ہے، حکومت جنرل کوچز کو کم کر کے صرف ایلیٹ ٹرینوں کو فروغ دے رہی ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ مسافروں کو ٹکٹ خریدنے کے باوجود نشستیں نہیں مل رہیں جس کے باعث عام آدمی ٹوائلٹ میں بیٹھنے پر مجبور ہے۔
انہوں نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ اگر پُرسکون سواری کرنے ہے تو مودی سرکاری کو ہٹانا ہوگا جو ریلوے کی بربادی پر تُلی ہوئی ہے۔